مالیگاؤں، 7 ؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ملک کی باوقار عوامی تنظیم جمعےۃ علماء ہند نے نومبر ۲۰۱۶ء میں صوبہ راجستھان کے بین الاقوامی شہر،خواجہ کی نگری اجمیر شریف میں منعقدہ اپنے کل ہندتینتیسویں اجلا س عام کی ایک تجویز اور اعلامیہ میں ملک کے نوجوانوں کی بڑ ی تعداد کے اشیاء منشیات کے استعمال پر انتہائی تشویش کے اظہار کے ساتھ اسکے خلاف اعلان کرتے ہو ئے ۲۰۱۷ء کا پورا سال منشیات کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔جس کا اعلان جمعےۃ علماء ہند کے صدر محترم حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپور ی دامت بر کاتہم کی سرکردگی میں قائد وناظم عمومی جمعےۃ علماء ہند مولانا سید محمود اسعد مدنی مدظلہ نے اعلامیہ میں فرمایا تھا۔ اس دوران پورے ملک میں جمعےۃ علماء اور اس سے منسلک اداروں ،کلبوں، انجمنو ں کے ذریعہ عوامی بیداری پیدا کرنے کا اہتمام کیا جائے گاجس میں بطور خاص مثبت انداز میں نوجوانوں کی ذہنی تربیت کرنا شامل ہے اس سلسلے میں جمعےۃ علماء مالیگاؤں و ضلع ناسک بھی بھرپور طریقے پر ا س مہم کا حصہ بنے گی جمعےۃ علماء مالیگاؤں کی ایک مشورتی میٹنگ مورخہ ۴؍ فروری ۲۰۱۷ء بروز سنیچر رات ساڑھے نو بجے شہری دفتر واقع سلیمانی چوک مشرقی اقبال روڈ نیاپورہ میں شہری صدر مولانا شفیق احمد القاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں جمعےۃ علماء ہند کی تحریک پر شہر مالیگاؤں میں عظمت اولیاء اجلاس اور نعتیہ مشاعرے کے انعقاد کئے جانے پر اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے آئندہ سال بھر منشیات مخالف مہم کے عنوان پر پروگرام کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا، اس سلسلے میں شہر و ضلع کے تمام ائمہ مساجد و علماء کرام سے تحریری طور پر درخوا ست دےئے جانے کے فیصلے کے ساتھ اپنے ہر پروگرام اور جمعےۃ سے منسلک ہر ادارے و انجمنوں کے پروگراموں میں اس عنوان یعنی منشیات کے خلاف اس کی قباحت و نقصانات کو حاضرین کے درمیان بیان کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی طرح مختلف لائحہ عمل کو ترتیب دے کر شہری جنرل سیکریٹری مولانا جمال ناصر ایوبی جمالی کی نگرانی میں پروگرام ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس میٹنگ کا آغاز حافظ عرفان احمد فیضی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔صدر مجلس نے بتایا کہ اس سلسلے میں مرکزی جمعےۃ کی ہدایت پر صوبائی جمعےۃ علماء بھی سنجیدگی کے ساتھ کام شروع کر چکی ہے صوبہ کی ہدایت پرہمارے صوبہ مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں کام شروع ہو چکا ہے اور اس عنوان پر عشرے اور پندرہواڑے کے پروگرام کا انعقاد صوبائی صدر مولانا محمد ندیم صدیقی کی رہنمائی میں صوبہ کے اکثر اضلاع میں کئے جاچکے ہیں فی الحال ممبئی میں مولانا محمد ذاکر قاسمی کی نگرانی میں عشرہ کا پروگرام جاری ہے۔میٹنگ کے دیگراہم حاضرین میں مولانا عبدالحمیدجمالی،شیخ شاکر سر،حافظ اشفاق احمد جمالی،قاری اطہر صدیقی، مولانا محمد حسن ملی،مفتی عبداللہ ہلال قاسمی،حافظ اخلاق احمد جمالی،مولانا محمد اسمعیل جمالی، حافظ صادق مفتاحی وغیرہ خصوصیت سے قابل ذکر ہیں صدر مجلس کی دعا پر میٹنگ ختم ہوئی۔